کراچی(کامرس رپورٹر)وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر کی گھوٹکی کے گاں بگودڑو میں 3 روز قبل بھارتی ڈرون حملے میں شہید ہونے والے مختیار احمد کی رہائش گاہ آمد. ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر محمد علی زیدی بھی تھے۔وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر اور ڈی سی گھوٹکی نے شہید مختیار احمد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ حکومت اس مشکل گھڑی میں شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن بھارت ہمیشہ بزدلانہ حملے کرتا ہے۔ ہماری بہادر افواج دشمن کو منہ توڑ جواب دینا جانتی ہے۔ وزیر زراعت و کھیل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ہر وقت اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہید مختیار احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی ڈرون حملے میں شہید ہوئے ہیں. سردار محمد بخش مہر نے یہ بھی اعلان کیا کہ سندھ حکومت شہید مختیار احمد کے ورثا کی مالی امداد کرے گی، جس کا باضابطہ اعلان وزیراعلی سندھ جلد کریں گے۔