منگل کو ایوان زیریں کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نواب یوسف تالپور سے متعلق تعزیتی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ نواب یوسف تالپور کا پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق محض سیاسی نہیں تھا بلکہ ان کا ہمارے ساتھ تین نسلوں سے خاندانی تعلق ہے۔ نواب یوسف تالپور ایک سیاسی کارکن تھے۔ انہوں نے زمانہ طالب علمی سے سیاست شروع کی۔ انہوں نے آمریت کے خلاف جہدوجہد کی۔ وہ نام سے نواب مگر ایک نرم خو انسان تھے۔ ایم آر ڈی سمیت دیگر مزاحمتی تحریکوں میں وہ سرگرم رہے۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ نواب یوسف تالپور سے دیرینہ تعلق تھا، میری ان سے نیاز مندی تھی۔ ان کی اپنی جماعت کے ساتھ وفاداریاں قابل تقلید ہیں۔ اپوزیشن ہو یا حکومت وہ وضعداری کیساتھ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ تحریک انصاف کے رکن علی محمد خان نے کہا کہ نواب یوسف تالپور دنیا سے رخصت ہوئے ہیں جبکہ مولانا حامد الحق شہید ہوئے ہیں۔ نواب یوسف تالپور لاجز میں میرے پڑوسی تھے، ایک شریف النفس پارلیمنٹرین تھے۔ انہوں نے مولانا حامد الحق کے لیے بھی دعا کی اور کہا دعا ہے کہ ہماری سیاست میں نواب یوسف تالپور جیسی شرافت و شفقت آجائے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ مو لانا حامد الحق ایک ماہ قبل مجھ سے سپیکر آفس میں ملے، کیا معلوم تھا کہ وہ اتنی جلدی شہادت پائیں گے۔