ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا، ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اورژالہ باری ہوئی،آبپارہ مارکیٹ میں تیز آندھی اور بارش کے وقت درخت گر گیا،درخت کے نیچے موجود گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔آبپارہ مارکیٹ کی سڑک بھی درخت گرنے کی وجہ سے مکمل طور پر بند ہوگئی ،ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی،لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش اورژالہ باری ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔خوشاب اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا،فیصل آباد شہر میں تیز بارش ہوئی،ابر رحمت برسنے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ہری پورشہر سمیت گردونواح میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ تیز ہوائوں کے باعث مختلف فیڈر ٹرپ کر گئے، شہر بھر میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔لوئردیر اور گردونواح میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی ،بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ کر موسم خوشگوار ہوگیا۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی، بارش اور ژالہ باری کے باعث پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا،ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، لاہور، راولپنڈی اور نارووال سمیت دیگر اضلاع میں بارش ہوئی۔مری میں شدید بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی ،ڈی جی ،پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں،تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے،شہری احتیاط کریں، بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں ،ساہیوال دوانے والا میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔