لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق عزیز بھٹی شہید ہسپتال پہنچ گئے‘جہاں انہوں نے بھارتی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے زخمیوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر ضلع گجرات صفدر ورک، ایم پی اے خالد اصغر گھرال اور ایم ایس ڈاکٹر ایاز بھی موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر صحت نے زخمیوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیںصوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ریسکیو ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا۔پارلیمانی سیکرٹری ضیاء اللہ شاہ اور سیکرٹری ڈاکٹر رضوان نصیر بھی ہمراہ تھے۔ وڈیو لنک کے ذریعے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے اجلاس میں شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ موجودہ ملکی حالات میں ریسکیو کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا افواج پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ پاکستانی قوم حکومت پاکستان اور پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری ضیاء اللہ شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں دشمن کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیرنے بتایاگزشتہ 72 گھنٹوں میں 50 ہزار سے زائد لوگوں کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔