راولپنڈی(جنرل رپورٹر)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے پنجاب حکومت کے ''فری میڈیسن پروجیکٹ'' پر پیش رفت کا جائزہ لیا، اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ایاز حیدر اور دیگر موجود تھے،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ہسپتال نہ صرف راولپنڈی بلکہ خیبر پختونخوا، پوٹھوہار، کشمیر اور دیگر اضلاع سے آنے والے مریضوں کو بھی علاج کی سہولیات فراہم کرتا ہے،بیرسٹر دانیال نے مختلف وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے انتظامیہ سے تفصیلی بریفنگ لی اور مریضوں سے ملاقات کرکے ادویات کی فراہمی میں درپیش مسائل پر بات کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے مختص وسائل کا شفاف اور درست استعمال یقینی بنایا جائے،یومِ انسانی حقوق کے موقع پر اپنے پیغام میں بیرسٹر دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ ''ادویات سمیت مکمل علاج کی سہولت ہر مریض کا بنیادی حق ہے، اور حکومت اس حق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے''۔