اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت امریکی ایجنسیوں کی مدد سے کالعدم تنظیموں کی فہرست کو اپ ڈیٹ کرے گی اور ان تنظیموں سے منسلک افراد پر امریکا کی جانب سے سفری پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ امریکہ کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کریں گے۔ وہ ہماری فہرست کی بنیاد پر کالعدم پاکستانی تنظیموں کے بارے میں اپنی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کریں گے۔ نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پاکستان کے لیے کسی قسم کی پریشانی کی بات نہیں ہے کہ ان پر سفری پابندی عائد کی جائے گی یا پھر پاکستانی شہریوں کی امریکہ میں داخلے پر پابندی ہوگی، ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ البتہ جن تنظیموں کو کالعدم قرار دیا گیا ہے یا انہیں شیڈول فور میں رکھا گیا ہے، اس حوالے سے لسٹ اپ ڈیٹ ہوگی، ہماری امریکا کے ساتھ انٹیلی جنس شیئرنگ ہے اور اسی بنیاد پر ہم اپنی لسٹ کو اپ ڈیٹ کریں گے۔ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کے امریکہ میں داخلے پر پابندی ہوسکتی ہے یا ان کے ویزا منسوخ ہوسکتے ہیں لیکن اس کے علاوہ پاکستانی شہریوں پر ایسی کوئی پابندی نہیں لگے گی جس سے پاکستانی شہری امریکہ کا سفر نہ کرسکیں۔