کلرسیداں(نامہ نگار)ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں تعینات ایم ایس ڈاکٹر عابدہ پروین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت کشیدہ صورتحال کے پیش نظر ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں ایمرجنسی ہائی الرٹ کر کے 24/7 کے تحت تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو اپنی اپنی ڈیوٹیوں پر موجود رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی میں ادویات کی وافر مقدار کیساتھ ساتھ 22 کے قریب اضافی بیڈز مختص کر دہئے گئے ہیں تا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو راولپنڈی /اسلام آباد کے ہسپتالوں میں شفٹ کرنے کیلئے ریسکیو 1122 اور 1034 کیساتھ بھی رابطہ کر لیا گیا ہے۔ رضاکاروں کیساتھ رابطے میں ہیں تا کہ ہنگامی صورتحال میں انہیں فوری طور پر طلب کیا جا سکے ۔ انہوں نے خون عطیہ کرنے کے خواہش مند افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں رابطہ کر یں۔ دریں اثناء کلر سیداں بار ایسوسی ایشن کے صدر وقاص حیدر شاہ ایڈووکیٹ کی جانب سے جاری اعلانیے میں پاک آرمی کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بدھ کے روز مکمل ہڑتال کی گئی اور اس دوران کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہ ہوا۔