سرینگر، اسلام آباد (آئی این پی + کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ پاکستان کے بھارت کو منہ توڑ جواب سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ جاری بیان حریت کانفرنس کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ کشمیری پاک فوج کو اپنا محافظ تصور کرتے ہیں، پاکستان پر بھارتی میزائل حملے مودی حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے کا تسلسل ہیں، رات کی تاریکی میں پاکستانی شہریوں پر میزائل حملوں نے بھارت کا دہشتگرد چہرہ بے نقاب کر دیا۔ دوسری جانب مقبوضہ پونچھ میں بھارتی فوج کا اہلکار نائک دنیش کمار ہلاک ہو گیا ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق بھارتی دفاعی حکام نے بتایا ہے کہ سرحد پر فائرنگ میں ہریانہ کے پلوال ضلع کا رہنے والا لانس نائک دنیش کمار زخمی ہو گیا۔ بھارتی اخبار کے مطابق پاکستان بھارت کشیدگی کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر میں سکول بند کر دئیے گئے ہیں جبکہ بھارتی حکام نے سرحدی علاقوں میں سبھی ایئر ڈیفنس یونٹ کو فعال ک ر دیا گیا ہے۔ جبکہ تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے تمام محکموں کو ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں ان سے تمام سرکاری ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر کے حاضر رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا ،اسرائیل اور سنگاپور نے اپنے شہریوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان ممالک نے سیکیورٹی خدشات کے خطرے کے پیش نظر یہ سفری ہدایات جاری کی ہیں۔