اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پی پی پی کی خواتین رہنماؤں نے یوم خواتین کے حوالے سے اظہار خیال کیا ہے ، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے ۔ ہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرف سے پاکستان میں رہنے والی تمام خواتین کو خواہ ان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو ، مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہماری شہید لیڈر بینظیر بھٹو کا خواب تھا جس کی تعمیل اس پروگرام کی صورت میں ہوئی ہے۔ اس پروگرام نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ پاکستان کی عورت بااختیا ہو ، اسے نہ صرف اس کی شناخت حاصل ہو بلکہ وہ معاشی طور پر بھی مضبوط ہو۔شازیہ مری نے کہا کہ خواتین کی معاشرے میں صلاحیتوں کو تسلیم کرنے کیلے عالمی یومِ خواتین منایا جاتا ہے، اس سال خواتین کا عالمی دن ہر خاتون کے حقوق اور مواقع تک مساوی رسائی یقینی بنانا ہے، پاکستانی خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں ثابت قدمی، بہادری اور قیادت کا مظاہرہ کیا ہے، سیاست سے تعلیم تک، خواتین تبدیلی لا رہی ہیں اور مستقبل کی تشکیل کر رہی ہیں، ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی و سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی گلگت بلتستان سعدیہ دانش نے کہا کہ خواتین اس معاشرے کا لازمی اور اہم ستون ہیں۔ خواتین صرف ایک خاندان کی نہیں بلکہ ایک پورے معاشرے کی معمار ہیں اور زندگی کے ہر میدان میں اپنی مسلسل جدوجہد لگن اور محنت سے تاریخ رقم کرتی رہی ہیں۔ کسی بھی قوم کی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک وہاں کی خواتین کو تعلیم، صحت، عزت اور برابری کے مواقع نہ ملیں۔ دین اسلام نیخواتین کو جو عزت و مقام دیا ہے وہ کسی اور نظام میں نہیں لیکن ان حقوق کا تحفظ، پاسداری اور خواتین تک ان کی رسائی کو ممکن بنانا معاشرے کے ہر فرد کی ذمیداری ہے۔ پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور نے کہا کہ معاشرتی ترقی اور خوشحالی میں خواتین کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے،خواتین صرف خاندان ہی نہیں، سماج کی بھی ریڑھ کی ہڈی ہیں ،خواتین نے یہ ثابت کرکے دکھایا ہے کہ وہ بطور نگہبان، پیشہ ور اور رہنما انتھک محنت کرتی ہیں ،خواتین کی ثابت قدمی، ہمدردی اور غیر متزلزل لگن وہ ستون ہیں جن پر مضبوط قومیں تعمیر ہوتی ہیں۔