لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے 62 فیصد عوام نے گورننس اور سروس ڈلیوری میں مریم نوازشریف کی ایک سالہ کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی او آر) نے پنجاب کے 36 اضلاع میں کئے گئے پی پی ایس میتھڈ سروے’’پنجاب سپیکس، ایک سالہ گورننس پر عوام کا موقف‘‘،رپورٹ جاری کر دی۔ جس میں بتایا گیا کہ 57 فیصد عوام یقین رکھتے ہیں کہ گزشتہ سال کی نسبت گورننس کی کوالٹی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ وزیراعلی کے دور میں شعبہ تعلیم میں بہتری کا تناسب 73 فیصد اور شعبہ ہیلتھ میں 68فیصد ہے۔ پنجاب کے 57 فیصد عوام اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف عوامی مسائل او رگورننس کے چیلنجز کو کما حقہ پورا کر رہی ہیں۔ 59 فیصدافراد نے وزیراعلیٰ کی پرفارمنس کو مجموعی طورپر بہترین قرار دیا۔ 60 فیصد افراد اس امر پر یقین رکھتے ہیں کہ دیگر 3وزرائے اعلی کے مقابلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کارکردگی اعلیٰ ترین ہے اور مریم نوازنے باقی وزرائے اعلیٰ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سروے میں مزید بتایا گیا کہ شعبہ تعلیم میں 15فیصد، شعبہ صحت میں 14فیصد، روڈ انفراسٹرکچر 11فیصد اور ستھرا پنجاب میں 11 فیصد بہتری آنے پر سراہا گیا ہے۔ پنجاب کے عوام نے مہنگائی پر کنٹرول، ملازمت کے مواقع سمیت دیگر امور میں بہتری پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔ 53 فیصد افراد نے سابق حکومت کا موازانہ کرتے ہوئے گورنمنٹ سروسز اور عوامی خدمات کے لئے مریم نواز شریف کو بہترین قرار دیا۔