ڈھاکہ (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث بنگلا دیش کے زیر اہتمام ڈھاکہ میں ہونے والی انٹرنیشنل اہمیت سنت رسول اللہؐ کانفرنس میں مقررین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق بیان کو ناانصافی پر مبنی قرار دے دیا ہے اور قراردیا ہے کہ ہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑ ے ہیں، غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کو بند کرانے کے لیے عالمی برداری موثر اقدامات کرے۔ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ فلسطین اور فلسطینیوں کو پاکستان نے ہمیشہ سپورٹ کیا، ٹرمپ کی دھمکیاں غیر حقیقی ہیں۔ فلسطینیوں کی آبائی سرزمین سے کسی بھی قسم کی رضاکارانہ یا جبری منتقلی کو مستردکرتے ہیں۔ ٹرمپ کے بیانات شتعال انگیزی پر مبنی ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ بنگلا دیش میں اسلام پسند قوتوں کا ابھر کر آنا خوش آئند ہے۔ بنگلہ دیش کو سیاسی بحران کے بعد اس وقت بھارت کی طرف سے مداخلت کا سامنا ہے۔ اشتراکیت، سرمایہ داری، لادینیت یا کوئی بھی نظام دنیا کو ایک منصفانہ اور متوازن نظام پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ کانفرنس سے ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، مولانا ابوتراب، علامہ ابتسام الہی ظہیر، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، حافظ فیصل افضل شیخ، ڈاکٹر عبداللہ فاروق، ڈاکٹر شہید اللہ المدنی، شیخ محمد عبدالواحد العریفی سمیت دیگرعالمی رہنمائوں نے خطاب کیا۔