اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا اب کوئی مستقبل نہیں، اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہو چکی ہے، سول نافرمانی کی تحریک بھی بری طرح ناکام ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں بہار کالونی چرچ گرائونڈ میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کا اسلام آ باد میں چڑھائی کا منصوبہ بری طرح ناکام ہوا، بانی پی ٹی آئی اور اس کی فسادی جماعت کا اب کوئی مستقبل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لاشوں پر سیاست کی جا رہی ہے اور لاشوں کا جھوٹا بیانیہ بنایا جا رہا ہے، لاشوں کی سیاست کرنا پی ٹی آئی کا اصل وطیرہ ہے، عوامی مسائل سے فتنہ پارٹی کو کوئی سروکار نہیں، اس نے ہمیشہ جلائو گھیرائو کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ملک میں افراتفری پھیلائی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسلام آباد میں دھرنے کی ناکامی کے بعد اب ملک میں سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی دھمکی دے رہے ہیں جو ماضی کے پراپیگنڈوں کی طرح بری طرح فلاپ ہو گی کیونکہ عوام اب نفرت اور تشدد کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریوں کو مکمل مذہبی آ زادی حاصل اور ان کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم کرسمس کے موقع پر مسیحی بھائیوں کو مبارک باد دیتے ہیں، ان کی خوشیوں میں دل کھول کر حصہ لیں گے۔ اس حلقے میں ایک شاندار کرسمس ٹری بھی لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی ہر خوشی اور غم میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں گا، میں خود آ کر کرسمس ٹری کو روشن کروں گا، آپ کی خوشیوں میں شریک ہوں گے، پاکستان کے قیام میں اقلیتوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اقلیتوں کا بڑا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارون ولیم نے پاک فوج میں رہتے ہوئے ملک کیلئے جان قربان کی، سیسل چوہدری مرون مڈل کوٹ جیسے لوگ پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے، کرسچن کمیونٹی نے دنیا کے بہترین فائٹر پائلٹ پیدا کئے جس طرح تمام کمیونیٹیز اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، اسی طرح ہم سب کو پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔