راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرر عبداللہ خان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقد ہوا، جس میں ڈینگی کی روک تھام اور کنٹرول کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 24 فروری سے 2 مارچ 2025 تک جاری رہنے والی سویپ اپ سرگرمیوں (فیز 2)پر بریفنگ دی گئی، جس کے تحت پوٹھوہار ٹائون، چکلالہ کینٹ، راولپنڈی کینٹ اور میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی یونین کونسلز میں 59,146 گھروں کا معائنہ کیا گیا۔ اس دوران 310 انڈور ٹیمیں تعینات کی گئیں، جنہوں نے 91.08% ہدف حاصل کیا۔ آئوٹ ڈور سرویلنس کے لیے 105 ٹیمیں مقرر کی گئیں، جنہوں نے 18,311 مقامات کا معائنہ کیا اور مجموعی طور پر 9,788 مقامات پر لاروا کی نشاندہی کی، 3 سے 7 مارچ 2025 کے دوران 53,773 گھروں کا معائنہ کیا جانا تھا، جس میں 316.5 انڈور ٹیمیں تعینات کی گئیں۔ اب تک 28,733 گھروں کا معائنہ کیا جا چکا ہے، جس میں سے 1,417 گھروں میں ڈینگی لاروا پایا گیا۔ آٹ ڈور سرویلنس کے تحت 109.5 ٹیمیں مقرر کی گئیں، جنہوں نے 9,030 مقامات کا جائزہ لیا اور 2 جگہوں پر لاروا کی موجودگی کی تصدیق کی۔ 5 مارچ 2025 کو 9,529 گھروں کی چیکنگ کے دوران 18 مقامات پر جبکہ 3,165 آوٹ ڈور مقامات کی چیکنگ کے دوران 2 جگہوں پر لاروا پایا گیا۔ اجلاس میں 2025 کے دوران کی جانے والی قانونی کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کے مطابق 34 ایف آئی آر درج کی گئیں، 17 مقامات کو سیل کیا گیا، 233 چالان جاری کیے گئے، اور مجموعی طور پر 2,10,500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرر کو پارلیمانی سطح پر یونین کونسل کی سطح پر ڈینگی آگاہی مہم، خصوصی صفائی مہمات اور پارلیمنٹرینز کے اجلاسوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔