ہلالِ احمر صنفی مساوات پر مکمل یقین رکھتا ہے، فرزانہ نائیک

اسلام آباد(نامہ نگار ) ہلالِ احمر پاکستان کے زیر اہتمام عالمی یومِ خواتین کے موقع پر اِس عزم کی تجدید کی گئی کہ صنفی مساوات کیلئے جدوجہد کو تیز کیا جائے گا۔ ہمیں ایسے معاشرے کی ضرورت ہے جہاں مردوں اور خواتین کو مساوی حقوق اور مساوی احترام حاصل ہو۔ ہلالِ احمر پاکستان اور موومنٹ پارٹنرز خواتین کو بااختیار اور ہنر مند بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ انسانیت کی خدمت میں بلا امتیاز اور بلا تفریق اقدام اِس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہلالِ احمر صنفی مساوات کیلئے پیش پیش رہتا ہے۔ عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ہلالِ احمر پاکستان کی چیئرپرسن مسز فرزانہ نائیک کا کہنا تھا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ بااختیار خواتین پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہیں۔ ہلالِ احمر کے پلیٹ فارم سے ہم صنفی مساوات کیلئے پر عزم ہیں۔ اِس حق کی راہ میں آنے والی تمام رکاوٹیں ختم کی جائیں گی او رمساویانہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ہلالِ احمر پاکستان میں خواتین سٹاف کو بہترین ماحول میسر ہے۔کسی بھی قدرتی آفت، صحت عامہ کے مسائل اور رضاکارانہ مہم میں خواتین کی آواز کو مقدم رکھتے ہیں اور انہیں انسانیت کی خدمت کیلئے مساوی مواقع دیتے ہیں۔ کسی بھی ملک کے تابناک مستقبل کیلئے خواتین کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔

ای پیپر دی نیشن