لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ایوان صنعت و تجارت رحیم یار خان کے صدر ولید احمد کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں سپیشل اکنامک زون رحیم یار خان کی انڈسٹریلائزیشن اور انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ سپیشل اکنامک زون رحیم یار خان میں صنعتکاری کے عمل میں سست روی کی وجوہات اور انڈسٹریلائزیشن میں تیزی لانے کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ سپیشل اکنامک زون میں صنعتکاری کے عمل میں تیزی لانے کیلئے بھرپور مارکیٹنگ مہم کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ صنعتکاری کے عمل میں تیزی لانے اور رحیم یارخان خان ایئرپورٹ کو مکمل آپریشنل کرنے کیلئے ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ رحیم یار خان میں بزنس فسیلیٹیشن سینٹر بنایا جائے گا۔ متحدہ عرب امارات اور مشرق وسطیٰ کے سرمایہ کاروں کو خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔ چیمبر کے ساتھ مل کر 456 ایکڑ اراضی پر مشتمل سپیشل اکنامک زون رحیم یار خان کی کالونائزیشن کی جائے گی۔ پالیسی کے مطابق صنعتی یونٹس نہ لگانے والوں کے پلاٹ کینسل کر دئیے جائیں گے۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال، سیکرٹری صنعت و تجارت عمر مسعود، ایم ڈی پیسک، سینئر اکنامک ایڈوائزر اور متعلقہ افسر بھی ملاقات میں موجود تھے۔