جڑانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) جڑانوالہ میں ہونے والے المناک ٹریفک حادثہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی۔ حادثے میں جاں بحق ایک ہی خاندان کے 11 افراد کو نماز جنازہ کے بعد آبائی گاؤں سید پور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ایس ایس پی پٹرولنگ مرزا انجم کمال نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا نوٹس لیتے ہوئے گشت پر مامور انچارج ہیڈ کانسٹیبل، تین کانسٹیبلان امداد، شہباز اور وقاص کو معطل کر دیا اور حکم دیا کہ معطل اہلکاروں کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی کرکے غفلت سامنے آنے پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے۔ لنڈیانوالہ پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر لیا اور بس ڈرائیور گرفتار کر لیا گیا۔ مقدمہ متوفیان کے عزیز ریاض کی مدعیت میں ڈرائیور، بس مالک اور اڈا منیجر کیخلاف درج کیا گیا۔