راولپنڈی (جنرل رپورٹر) فروغ تعلیم کے لیے نجی تعلیمی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے۔ اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوٹیشنز کا ادارہ اداروں کی فلاح و بہبود کے لیے مصروف عمل ہے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ای او بی آئی محمد امین بلوچ نے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان کی قیادت میں ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ وفد میں ایپسما شمالی پنجاب کے نائب صدر کرنل ر فواد حنیف ، صدر خواتین ونگ مسز سکینہ تاج، صدر پرائیویٹ ایجوکیشنل سوسائٹی حافظ محمد بشارت ، صدر پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز مینجمنٹ ایسوسی راولپنڈی کینٹ ملک نسیم احمد ، مسز مناہل رحیم کے علاوہ ای او بی آئی کی طرف سے ڈپٹی ڈائریکٹر ریجنل ہیڈ راولپنڈی ناصر محمود ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مسرت ثناء و دیگر بھی شامل تھے۔ ابرار احمد خان نے ای او بی آئی سے متعلقہ نجی تعلیمی اداروں کے مسائل اور تحفظات بارے بریفننگ دی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محمد امین بلوچ نے ابرار احمد خان اور دیگر شرکا کو مسائل کے حل کی یقین دھانی کروائی ۔