گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) فیڈرل بورڈآف ریونیو کی طرف سے حال ہی میں جاری کردہ ٹیکس قوانین ( تر میمی ) آ ر ڈ یننس پر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت صدر چیمبر رانا محمد صدیق خاں نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے چیف کمشنر آر ٹی اوگوجرانوالہ عاصم افتخار، ایڈیشنل کمشنر رِفعت عزیز اور ان کی ٹیم نے شرکت کی۔صدر چیمبر رانا محمد صدیق خاں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کاروباری برادری اور ایف بی آر ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں اور دونوں کے متوازن سفر ہی سے ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے، ہم جانتے ہیں کہ یہ ترامیم آر ٹی او کی سطح پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں کی جاتی ہیں، مگر اس کے باوجود آپ کی یہاں آمد قابلِ ستائش ہے،اجلاس میں سینئر نائب صدر احمد نوید رانجھا، نائب صدر چوہدری محمد یوسف، سابق صدر عاصم انیس، سابق نائب صدور وقاص افضل، عادل ندیم، ایگزیکٹو ممبران میاں عتیق الرحمن، محسن زبیر، شہزاد اسلم انصاری، فرحان نسیم دیگر معزز اراکین نے شرکت کی،چیف کمشنر آر ٹی اوعاصم افتخار اور ان کی ٹیم نے شرکا کو حالیہ ترامیم پر تفصیلی بریفنگ دی۔