شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری شبیر گادی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی زندگیاں عملاً اجیرن ہو چکی ہیں اور حکومت کی جانب سے انہیں کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں اپنے جائز حقوق اور بنیادی سہولیات کیلئے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا باشعور شہری سراپا احتجاج ہے موجودہ حکمرانوں نے عوام کو شدید مایوس کیا ہے، عوام حکمرانوں سے بیزار ہوچکے ہیں انکے دور حکومت میں ضروریات زندگی کی ہر چیز عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے مہنگائی کے اس خوفناک سیلاب سے عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں اورغریب طبقہ خودکشیاں کر رہا ہے جو حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، آج ملک میں بیروزگاری، مہنگائی، بدامنی، لوٹ مار، قتل و غارت گری عروج پر ہے پورے ملک میں کہیں بھی قانون نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی اور اگر اپنے جائز حقوق کیلئے کوئی شہری پر امن احتجاج کرتا ہے تو اسے انتقامی کارروائیوں کے ذریعے خاموش کرنے کی کوششیں کی جاتی ہے۔