لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005ء میں کی گئی متنازعہ ترامیم کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حکومت سے انکی فوری واپسی اور سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا مطالبہ کیا ہے۔ لاہور چیمبرکی ہنگامی پریس کانفرنس میں صدر میاں ابوذر شاد نے کہا ان ترامیم کا نفاذ 2 مئی 2025 سے بغیر کسی مشاورت کے کر دیا گیا ہے جس پر کاروباری برادری کو شدید تحفظات ہیں۔ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، سابق صدر میاں انجم نثار اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے بھی ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے کہا کہ یہ ترامیم نہ صرف کاروبار دشمن ہیں ‘ ایف بی آر کو تلوار تھما دی گئی ہے جو قانونی عمل، آئینی حقوق اور انصاف کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔لاہور چیمبر کی قیادت نے مطالبہ کیاکہ ان ترامیم کو فوری طور پر واپس لیا جائے ، قانون سازی میں کاروباری برادری کو شامل کیا جائے۔