لاہور فیروزوالہ‘ شرقپور (نامہ نگاران) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے ڈکیتی‘ چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فون، موٹرسائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا اور شرقپور شریف میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے 10 سالہ بچی کو فائر مار کر قتل کر دیا۔ ڈاکوؤں نے مانگا منڈی میں شہزادکے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 6لاکھ‘ زیورات، موبائل فون دیگر سامان، ڈیفنس میں مجید کی فیملی سے 4لاکھ 63ہزار‘ زیورات، سبزہ زار میں تصور سے 3لاکھ‘ موبائل فون، شیرا کوٹ میں اشفاق سے90 ہزار‘ موبائل فون، شفیق آباد میں ناصر سے 77ہزار‘ موبائل فون، شاہدرہ میں منصور سے51 ہزار‘ موبائل فون، وحدت کالونی میں نعیم سے39ہزار‘ موبائل فون، نصیر آباد میں شریف سے 20ہزار‘ موبائل فون، شالیمار میں الطاف سے 8ہزار‘ موبائل فون، ٹبی سٹی میں حامد سے ڈھائی ہزار‘ موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے کوٹ لکھپت میں رزاق کے گھرگھس کر 4لاکھ 25ہزار‘ زیورات اور الیکٹرانکس سامان چوری کر لیا۔ چوروں نے شادمان، گلبرگ اور ساندہ سے 3 گاڑیاں جبکہ غازی آباد، ڈیفنس، لاری اڈہ، ہنجروال، شالیمار، ملت پارک، سندر اور ڈیفنس کے علاقوں سے 8موٹر سائیکل چوری کر لئے۔ شرقپور میں انتہائی دلخراش واقعہ نواحی گاؤں پیارا کا رہائشی بابر علی جو کہ اپنی والدہ اور بیٹی نور کے ہمراہ شادی سے واپس اپنے گھر جا رہے تھے جب وہ گائوں کے قریب پہنچے تو ڈاکوئوں نے رکنے کا اشارہ کیا تاخیر سے روکنے‘ مزاحمت پر بابر علی کو تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی اور 10 سالہ نور کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔