مسئلہ کشمیر نیوکلیئر فلسشن پوائنٹ ‘ ٹرمپ حل کیلئے اقدام کریں : پاکستانی سفیر 

نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے امریکا میں سفیر رضوان سعید شیخ نے عالمی برادری سے تنازع کشمیر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور اسے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں ’بنیادی مسئلہ‘ قرار دے دیا۔ فوکس نیوز ڈیجیٹل کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی لگیسی کا اہم حصہ بن سکتا ہے کہ وہ اس صورت حال کا عارضی نہیں مستقل حل نکالیں اور اصل مسئلہ کشمیر کے تنازع کو حل کریں۔ سفیر نے کہا کہ یہ 2 جوہری ممالک کا معاملہ ہے۔ رضوان سعید شیخ نے دنیا بھر کے ممالک سے اپیل کی کہ وہ کشمیر کے تنازع کا پائیدار حل تلاش کرنے میں مدد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے جب حالات اس سطح پر پہنچے یا کشیدگی بڑھی، تو بین الاقوامی برادری نے اس صورت حال کی طرف توجہ دی، لیکن اس سے پہلے کہ کشیدگی مکمل طور پر ختم ہو، برادری نے اپنی توجہ ہٹا لی۔ رضوان سعید شیخ نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر ہونے والی دیگر صورتحال کے پیش نظر ایسا وقت آ چکا ہے کہ اس مسئلے کا عارضی نہیں بلکہ مستقل حل نکالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی مس ایڈوینچر جوہری تصادم کا سبب بن سکتا ہے اور اتنے گنجان آباد علاقے میں یہ یقینی طور پر مناسب نہیں ہے۔ پاکستانی سفیر نے زور دے کر کہا کہ ہم ایک پْرامن پڑوسی چاہتے ہیں۔ مزید کہا کہ پاکستان خطے میں کسی بھی عدم استحکام کی خواہش نہیں رکھتا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کسی بھی صورت میں کمزوری نہیں سمجھنی چاہیے، ہم عزت کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن