کوئٹہ (آئی این پی ) بلوچستان کے علاقے تربت میں ہفتہ کے روز نجی بینک کی مین برانچ میں ڈکیتی کی واردات میں مسلح ڈاکو بینک کے اندر داخل ہو کر کروڑوں روپے کی رقم اور تین ہتھیار لے اڑے۔ بینک ذرائع کے مطابق، ڈاکوئوں نے بینک کے گارڈز سے دو پسٹل اور ایک کلاشنکوف چھین کر انہیں یرغمال بنایا اور بینک سے بھاری رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔واقعہ تربت کے مرکزی بازار میں واقع برانچ میں پیش آیا، جہاں تین مسلح افراد نے بینک میں داخل ہو کر عملے کو یرغمال بنا لیا۔ بینک عملے کے مطابق، ڈاکو تقریبا پانچ سے دس منٹ تک بینک کے اندر موجود رہے اور اس دوران انہوں نے بینک کے پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ سے دو پسٹل اور ایک کلاشنکوف چھین لی۔ڈکیتی کی واردات کے فورا بعد پولیس اور سیکیورٹی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچے اور تفتیش شروع کر دی۔ سیکیورٹی اداروں نے بینک کے عملے سے رپورٹ لینے کے علاوہ، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوششیں شروع کر دیں۔