کینیڈا کی نئی پارلیمنٹ کا افتتاح: شاہ چارلس سوم کا شاہی حیثیت سے دورے کا اعلان

 شاہ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا کینیڈا کا دورہ کریں گے جہاں بادشاہ ریاست کے سربراہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ یہ دورہ 26 اور 27 مئی کو ہوگا اور وہ عام انتخابات کے نتیجے میں بننے والی نئی پارلیمنٹ کے افتتاح میں شرکت کریں گے۔ پیلس نے ایک بیان میں بتایا کہ بادشاہ ملکہ کے ہمراہ اوٹاوا میں کینیڈا کی پارلیمنٹ کے افتتاح میں شرکت کریں گے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی، جنہوں نے گزشتہ ہفتے کے اوائل میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی، نے کہا ہے کہ یہ دورہ "تاریخی اعزاز" پر مشتمل ہوگا۔  مارک کارنی نے مزید کہا کہ یہ ہمارے ملک کی خودمختاری کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔ اس بات سے ان کا اشارہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کو امریکہ کی 51 ویں امریکی ریاست بنانے کی خواہشات کی طرف تھا۔ شاہ چارلس نے مارچ میں بکنگھم پیلس میں کارنی کا اس وقت استقبال کیا تھا جب ٹرمپ کینیڈا کے خلاف دھمکیاں دے رہے تھے۔ 2022 میں بادشاہ بننے کے بعد چارلس کا یہ کینیڈا کا پہلا دورہ ہوگا اور دولت مشترکہ کے کسی ملک کا اس وقت سے یہ پہلا دورہ ہوگا جب سے انہوں نے اکتوبر میں آسٹریلیا اور ساموا کا دورہ کیا تھا۔ وہ دورہ بہت مختصر کر دیا گیا تھا کیونکہ فروری 2024 میں کینسر کی تشخیص کے بعد بادشاہ کا یہ پہلا بیرون ملک دورہ تھا۔ شاہ چارلس ابھی تک زیر علاج ہیں اور حال ہی میں انہوں نے اٹلی کا دورہ کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن