لاہور(کامرس رپورٹر) 3 روزہ شاپنگ فیسٹیول انتہائی شاندار طریقے سے اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے گورنر جنرل غلام حسین مظفری ، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر ، لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر زر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، سارک کے نائب صدر میاں انجم نثار، محمد علی میاں، علی حسام اصغر،طاہر منظور اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران نے بھی خطاب کیا۔ 3 روزہ فیسٹیول میں مختلف صنعتوں کے متنوع مصنوعات کی نمائش کی گئی جن میں ٹیکسٹائل، ہینڈی کرافٹس، کنزیومر گڈز، ٹیکنالوجی اور ہوم ایسینشلز شامل تھے۔ فیسٹیول کاروباری حضرات کیلئے ایک نادر موقع تھا کہ وہ سرمایہ کاروں سے رابطہ کریں۔ بین الاقوامی تجارتی امکانات کو دریافت کریں۔ سارک کے نائب صدر میاں انجم نثار نے ایل سی سی آئی کی کامیاب میزبانی کو سراہا اور اسے علاقائی تجارت کیلئے انتہائی اہم قرار دیا۔ ’’گورنر جنرل غلام حسین مظفری نے کہا اس طرح کے بڑے ایونٹس تجارت کو فروغ دینے کیلئے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا حکومت تجارتی فروغ کے اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔