لاہور؍ پشاور (کامرس رپورٹر+ بیورو رپورٹ) ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک بھر کی غلہ منڈیوں میں مسلسل تیسرے روز بھی ہڑتال رہی جبکہ ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے بھی کاروبار بند رکھا۔ مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کی جانب سے بھی اظہار یکجہتی کے لئے ہڑتال کی گئی۔ آئندہ کے لائحہ عمل کے لئے ملک بھر کی غلہ منڈیوں کی تاجر تنظیموں کا اجلاس 6اگست کو طلب کر لیا گیا ہے۔ ہڑتال کے باعث لاہور کی اجناس کی سب سے بڑی تھوک مارکیٹ اکبری منڈی مکمل طور پر بند رہی، اکبری منڈی سمیت دیگر غلہ منڈیوں سے سپلائی نہ ملنے کی وجہ سے پرچون دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ اکبر منڈی کے صدر اظہر اقبال اعوان نے بتایا کہ ہم نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے مسلسل تین روز پر امن ہڑتال کی لیکن حکومت کی طرف سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔ عوام کی مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے آج ہفتہ کے روز سے پنجاب سمیت ملک بھر کی غلہ منڈیوں میں کاروبار بحال ہو جائے گا۔ ہم اپنے مطالبات سے ہرگز دستبردار نہیں ہوئے۔ مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر طاہر ثقلین بٹ کی کال پر غلہ منڈیوں کے تاجروں اور ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن سے اظہار یکجہتی کے لئے کاروبار بند رکھا گیا۔ پشاور میں ود ہو لڈنگ ٹیکس کے خلاف غلہ منڈیوں میں تاجروں اور ہول سیلرز کی جانب سے تیسرے روز بھی جزوی طور پر ہڑتال جاری رہی۔ مختلف تجارتی مراکز سے سپلائی نہ ملنے کے باعث پرچون دکاندارں کو بھی مشکلات جزوی طور پر سامنے آئی تاہم دوپہر کے بعد دکانیں اشرف روڈ، ہشتنگری پر کھل گئی۔ غلہ منڈیاں بند ہونے کے باعث دالوں، گھی، چاول، مصالحہ جات، کی قیمتوں میں خود ساختہ طور پر اضافہ بھی کیا گیا۔