سری نگر(کے پی آئی)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین راجہ حق نواز خان نے موجودہ تحریک آزادی کے سرخیل اور لبریشن فرنٹ عسکری شعبہ کے اولین کمانڈرانچیف فخر کشمیر اشفاق مجید وانی، شہید حکمت ڈاکٹرعبدالاحد گورو، شہید انصاف جلیل احمد اندرابی ایڈووکیٹ، شہید صداقت سید شبیراحمد صدیقی، کمانڈر بشارت رضا اور شہدائے حضرتبل کی برسیوں کے موقع پر شہدائے جموں کشمیر کو قومی اثاثہ اور قوم کے ماتھے کا جھومر قرار دیتے ہوئے ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی و خودمختاری کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے جسے دنیا کی کوئی بڑی سے بڑی طاقت بھی اب روک نہیں سکتی۔ انہوں نے آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنما اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے امت مسلمہ کوعیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ خوشی کے ان لمحات میں مسلم امہ بھارت اور اسرائیلی دہشت گردی کا شکار مظلوم کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کو یاد رکھیں اور ان کی عملی مدد کے لئے متحد ہوکر آگے آئے ،عیدالفطر کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کشمیری خاتون رہنما نے کہاکہ کشمیری اور فلسطینی مسلمانوں کوتقریبا ایک ہی طر ح کی سنگین صورتحال کا سامنا ہے ، دونوں خطوں میں مسلمانوں کو اپنی شناخت وبقاکے خطرے کا سامنا ہے ، جہاں پربھارت اور اسرائیل ایک ہی ایجنڈے کے تحت مسلمانوں کی زمینوں اور دیگر املاک پر قبضہ کر کے انہیں اپنے ہی وطن سے بے دخل کررہے ہیں ۔ فلسطین کے علاقے غزہ میں جاری نسل کشی کے دوران اسرائیلی ظالم اور بے رحم فورسز نے ہزاروں فلسطینی شہید کیے جن میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار اسرائیلی طرز کی پا لیسی کے تحت کشمیریوں کا قتل عام اور ان کی جائیداد و املاک پر قبضہ کررہی ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کانگریس نے جموں میں احتجاجی مارچ کرتے ہوئے علاقے میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے نمٹنے میں ناکامی پر بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا پتلانذرآتش کردیا۔ مارچ کے اختتام پر مظاہرین نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا پتلا نذر آتش کیا۔کانگریس رہنمائوں نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے نئی دہلی میں بی جے پی حکومت کوعلاقے میں امن وامان برقرار رکھنے میں ناکامی پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید واقعات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔