اسلام آباد(این این آئی)ایف بی آر نے جنوری کے دوران 872ارب روپے کے ریکارڈ محصولات جمع کیے، جو گزشتہ سال جنوری کے مقابلے میں 29فیصد زیادہ ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایف بی آر پھر بھی جنوری میں محصولات کا ٹارگٹ 956 ارب روپے حاصل نہ ہو سکا اور 84ارب روپے کا شارٹ فال رہا۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق مالی سال کے پہلے 7ماہ میں ٹیکس وصولی میں مجموعی طور پر 468ارب روپے کا شارٹ فال کا سامنا ہے۔پچھلے سال جنوری میں جمع شدہ محصولات کا حجم 677ارب روپے تھا، شرح سود میں 10فیصد اور پچھلے سال کی نسبت افراط زر میں 22فیصد کمی کے باوجود محصولات میں 29فیصد اضافہ ہوا۔ایف بی آرنے بتایاہے کہ جنوری کے مہینہ میں انکم ٹیکس محصولات میں 28فیصد اضافہ ہوا ہے، جنوری کے مہینہ میں سیلز ٹیکس محصولات میں 29فیصد اضافہ ہوا ہے۔جنوری میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی میں 34فیصد اور کسٹم ڈیوٹی میں 30فیصد اضافہ ہوا، جنوری میں جمع شدہ محصولات تیسری سہ ماہی کے مجموعی محصولات کے ہدف کا ایک تہائی ہیں۔ایف بی آر نے کہا کہ ٹیکس حکام اس سہ ماہی کے تفویض کردہ ہدف کو حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اس سال پہلی دفعہ کسٹمز ڈیوٹیز کی وصولی میں نمایاں اضافہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور نمو کا آئینہ دار ہے۔رواں مالی سال کے پہلے 7ماہ کے ٹیکس محصولات میں پچھلے سال کے اسی عرصے کی نسبت 26فیصد اضافہ ہوا ہے، معاشی چیلنجز کے باوجود محصولات کی وصولی میں 26فیصد مجموعی اضافہ خوش آئند ہے۔