لاہور(کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا صوبے کی ترقیاتی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے آمدن اور اخراجات میں توازن کیلئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ڈیجیٹل ریفارمز اور اربن پراپرٹی کی سالانہ رینٹل ویلیو سے کیپیٹل ویلیو پر منتقلی سے مالی بے ضابطگیوں میں کمی آ ئی اور محصولات میں اضافہ، پینشن ریفارمز نے مالیاتی نظم و نسق میں بہتری کے ذریعے مستقبل کی مالی ذمہ داریوں میں توازن کی گنجائش پیدا کی۔ زرعی اجناس پر سبسڈی پر کنٹرول سے اربوں روپے کا سرکلر ڈیبٹ ختم کیا گیا جو پنجاب حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں محکمہ خزانہ پنجاب اور برطانوی ادارہ FCDO کے تعاون سے جاری سب نیشنل گورننس پروگرام کے زیر اہتمام بجٹ 2025-26 کی تیاری سے قبل مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کے دوران کیا۔ ورکشاپ کا مقصد بجٹ سازی کے عمل میں سٹیک ہولڈرز کی شمولیت کو یقینی بنانا اور بجٹ کو عوام بالخصوص محروم طبقات کی ترجیحات اور ضروریات سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ ورکشاپ کے دیگر شرکاء میں سرکاری افسران، بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں کے نمائندگان شامل تھے۔