ماسکو (آئی این پی ) ایک امریکی نوجوان، جس کی شناخت سی آئی اے کی ڈپٹی ڈائریکٹر برائے ڈیجیٹل انوویشن جولیانے گالینا کے بیٹے کے طور پر ہوئی ہے، 2024 میں مشرقی یوکرین میں روسی فوج کے لیے لڑتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔آزاد روسی میڈیا کی تحقیقاتی رپورٹس کے مطابق اکیس سالہ مائیکل الیگزینڈر گلاس کی موت 4 اپریل 2024 کو مشرقی یورپ میں ہوئی، جس کا اعلان اس کے اہلخانہ نے اپنے شائع کردہ تعزیتی نوٹس میں کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکہ کے ایک اعلی انٹیلی جنس افسر کے بیٹے کا روس کے لیے لڑنا، خود امریکہ میں پروان چڑھنے والی حکومت مخالف سوچ اور آن لائن انتہا پسندی کا نتیجہ بتایا جارہا ہے۔گلاس، جو ایک عام امریکی خاندان سے تعلق رکھتا تھا اور اس کے دونوں والدین فوجی پس منظر رکھتے تھے، اپنی وی کونٹاکتے پروفائل پر خود کو کثیر قطبی دنیا کا حمایتی کہتا تھا۔