لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے مانگا منڈی لاہور میں سوزوکی کمپنی لمیٹڈ کے مجوزہ بائیو گیس پلانٹ کے مقام کا دورہ کیا۔ سوزوکی کمپنی لمیٹڈ پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیروشی کاوامورا نے ہارون اختر خان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران ہارون اختر خان نے گاڑیوں کیلئے بائیو گیس پلانٹ کے قیام کے سوزوکی کے اقدام کو سراہا اور اسے پاکستان کے صاف توانائی کے مستقبل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ بائیو گیس پاکستان کا مستقبل ہے اور یہ مہنگی تیل اور ایل این جی کی درآمدات پر انحصار کم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ہارون اختر خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزیر اعظم کا ’’اڑان وژن‘‘صاف اور پائیدار توانائی کے ذرائع کے فروغ پر مرکوز ہے۔ بائیو گیس جیسے منصوبے مقامی کسانوں کو معاشی فائدہ پہنچانے کیساتھ ساتھ ماحول کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بائیو گیس پلانٹ کے منصوبے پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔