اسلام آباد(خبرنگار)افواج پاکستان کے آپریشن بنیان المرصوص نے پونے چار گھنٹے کی لڑائی میں بھارت کو شکست دے کر دنیا کو حیران کر دیا ہے۔یہ جذبہ ایمانی اور قوم کے اتحاد کی بدولت ممکن ہوا۔دشمن ہمارے نوجوان کو مایوس کر کے،لسانی عصبیت اور مذہبی منافرت پھیلا کر ہمیں کمزور کرنا چاہتا ہے لیکن یہ اللہ کی مدد اور ہماری فوج کی بروقت حکمت عملی کی وجہ سے ممکن نہیں ہو سکا۔ڈاکٹر حمیرا طارق سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان اسلام آباد میں جے آئی یوتھ کے زیر اہتمام یوتھ گالا سے خطاب کر رہی تھیں جس میں کثیر تعداد میں یونیورسٹی و کالجز کی طالبات ،اساتذہ، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی قابلیت اور صلاحیت قوم کی قوت ہے ہماری ترقی و خوشحالی کے نشان ہیں ۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ ہماری رول ماڈل امہات المومنین اور صحابیات رضی اللہ عنہ ہیں۔عورت سنورتی ہے تونسلیں سنورتی ہیں اور قومیں بیدار ہوتی ہیں ۔آپ مستقبل کی معمار ہیں قرآن کی تعلیمات اور نظریہ پاکستان کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے طالبات اور نوجوان خواتین کو جماعت اسلامی کے کاموں اور شعبوں کا تعارف کرواتے ہوئے ان کو جماعت اسلامی میں شمولیت کی دعوت دی۔اس موقع پر ثمینہ سعید ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان اور ڈائریکٹر میڈیا سیل نے کہا کہ قائداعظم کے تین سنہری اصولوں اتحاد ،تنظیم اور یقین محکم پر عمل کر کے نہ صرف ہم اندرونی و بیرونی دشمنوں کو شکست دے سکتے ہیں بلکہ یہی اصول ہمیں ترقی کی راہ پر گامزن بھی کریں گے۔یہ بات انہوں نے پینل ڈسکشن بنیان مرصوص میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔