لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس راجن پور نے کچہ کریمنلز کیخلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کچہ کریمنلز کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور انتہائی مطلوب ڈاکو کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے گرفتار ڈاکو بڈھا ولد پیر بخش کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔ ڈی پی او راجن پور نے بتایا کہ گرفتار ڈاکو کا تعلق زاہد دلانی گینگ سے ہے جو ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ سمیت سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ راجن پور پولیس نے کچے کے ڈاکوؤں بارے اطلاع پر کارروائی کی اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں گرفتار ڈاکو کے 2 ساتھی زخمی حالت میں فرار ہو گئے۔ راجن پور پولیس نے کچہ کے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نذر آتش کر دیا۔ راجن پور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور مفرور ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہیڈ منی والے خطرناک ڈاکو کی گرفتاری پر راجن پور پولیس کو شاباش دی ہے۔