لاہور کو تجاوزات فری شہر بنانا ضلعی انتظامیہ کا مشن ہے: ڈی سی 

لاہور(خبرنگار)ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی واضح ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر سے غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کیلئے ایک بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کر رکھا ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد سرکاری اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کرانا اور شہریوں کیلئے صاف ستھرا اور کھلا ماحول فراہم کرنا ہے۔ اسی سلسلے میں ایک میگا آپریشن کیا گیا جس میں کچی کوٹھی سٹاپ کے قریب قبرستان کی ساڑھے 3 کنال اراضی کو ناجائز قبضے سے واگزار کرایا گیا۔ واگزار کرائی گئی اس اراضی کی سرکاری مالیت تقریباً 15 کروڑ روپے بنتی ہے جو کہ انتظامیہ کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ ایک شخص کو سرکاری عملے پر حملے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ انتظامیہ نے موقع پر موجود 15 املاک کو سربمہر کیا اور تجاوزات کا سامان لادنے کیلئے 3 ٹرک سامان ضبط کیا گیا۔ اس کارروائی میں بڑی تعداد میں غیر قانونی دکانوں اور سٹرکچرز کو مسمار کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا تجاوزات کا ایک انچ بھی کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ تجاوزات کیخلاف کارروائیاں بلا امتیاز اور بلا تفریق جاری رہیں گی۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لاہور کو ایک تجاوزات فری شہر بنانا ضلعی انتظامیہ کا مشن ہے۔ یہ آپریشنز شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری اور شہریوں کیلئے پیدل چلنے کے راستوں کی بحالی میں بھی معاون ثابت ہو رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن