اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پہلا پاکستان- بحرین سرمایہ کاری مواقع سربراہی اجلاس اور اسمارٹ ایکسپو 17 مئی 2025 کو منامہ کے کراؤن پلازہ ہوٹل میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ یہ ایونٹ پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری نے بحرین میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفارتخانے کے تعاون سے منعقد کیا۔ تقریب کے افتتاحی سیشن کے مہمانِ خصوصی بحرین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب چیئرمین عبدالجبّار الکوحیجی تھے جبکہ اختتامی اجلاس کے مہمان خصوصی بحرین کے وزیرِ تجارت و صنعت عبداللہ بن عادل فخرو تھے۔ اس سربراہی اجلاس میں پاکستان سے 125 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی، جن کا تعلق مختلف شعبہ جات سے تھا جن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، اسٹاک ایکسچینج، ہیومن ریسورس سروسز، اور رئیل اسٹیٹ شامل ہیں۔ ان کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے لیے تیار منصوبے اور خدمات پیش کیں، جنہوں نے نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ بحرینی کاروباری شخصیات کی بھرپور توجہ حاصل کی۔ایکسپو کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو فروغ دینا اور بحرینی مارکیٹ میں پاکستانی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا تھا۔ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے اشتراک کی مضبوط صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق اس ایونٹ کے دوران تقریب12 ملین امریکی ڈالر کے تجارتی معاہدے طے پائے، جو پاکستان اور بحرین کے درمیان اقتصادی تعاون کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ تقریب نہ صرف تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنی بلکہ اس نے علاقائی اقتصادی انضمام اور باہمی ترقی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی نمایاں کیا۔ منتظمین نے اعلان کیا کہ اس سربراہی اجلاس کو ایک باقاعدہ سالانہ پلیٹ فارم بنایا جائے گا تاکہ کاروباری تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے اور پائیدار اقتصادی شراکت داری کو ممکن بنایا جا سکے۔