لاہور(خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی نے ہمیشہ ظلم کیخلاف آواز بلند کی اور مظلوم کا ساتھ دیا۔ آج بھی جے یو آئی غزہ اور کشمیر میں ہونیوالے ظلم کیخلاف سراپااحتجاج ہے اور حماس اور کشمیر کے مظلوم انسانوں کیلئے آواز اٹھا رہی ہیں اور پوری دنیا میں اس وقت جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی توانااواز سنی جارہی ہے۔ جے یو آئی کے اس ظلم کیخلاف احتجاجی مظاہرے ملین مارچ میں عوام کی بھرپور شرکت، پاکستان کی طرف سے پوری دنیا کے مظلوموں کیلئے جاندار آواز ہے۔ یہ باتیں جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے میڈیا اور کار کنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے کہا کراچی، لاہور اور پشاور کے بعد کوئٹہ میں ہونیوالے دفاع پاکستان اسرائیل مردہ باد ملین مارچ تاریخ ساز ہوا۔ جے یو آئی نے انڈیا اور اسرائیل کی دہشت گرد ی کیخلاف مزید پروگرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگلا ملین مارچ 15 جون کو حیدرآباد میں ہوگا جس سے جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن تاریخی خطاب کرینگے۔جے یو آئی کے اجتماعات میں عوام کی بھرپور شرکت وطن اور اسلام کے دشمنوں کیلئے کھلا پیغام ہے۔ پاکستان کا ہر باشندہ وطن کے دفاع کیلئے بھی متحدہے اور غزہ کے مظلوموں کیلئے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔