اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹرسے)اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے کہا ہے کہ جرائم کے خاتمے کیلئے پولیس اور عوام کا قریبی رابطہ انتہائی ضروری ہے،حکومت پولیس کے تمام تر مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، اسلام آباد پولیس کے افسران نے فرض شناسی، دیانتداری اور عوامی خدمت کی اعلی مثالیں قائم کی ہیں، اسلام آباد پولیس کے 10 فرض شناس افسران کی ڈی ایس پی سے ایس پی کے عہدے پر ترقی دراصل ان کی انتھک محنت، لگن اور جرائم کے خلاف بے لوث جدوجہد کا اعتراف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر اور سابق صدر چکوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز وقار بختاوری کی جانب سے ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈی ایس پی سے ایس پی کے عہدے پر ترقی پانیوالے اسلام آباد پولیس کے افسران میں محمد شریف کولاچی، منور علی مہر، حاکم خان، محمد محفوظ کیانی، امتیاز علی شاہ، عابد اکرام، ماجد اقبال، محمد نجیب شاہ، سجاد حیدر شاہ اور حسن رضاشامل ہیں،وقار بختاوری نے ترقی پانیوالے افسران کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور پولیس ملک کے داخلی اور خارجی تحفظ،امن و امان،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں،ملک کے تاجر اور صنعتکار خصوصی طور پر ان کی قربانیوں کے معترف ہیں،سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری یسین نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران نے ہمیشہ شہر کے مزدوروں، تاجروں اور شہریوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا،انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ ان افسران کی ترقیاں دراصل قانون کی بالادستی کے نظام پر عوامی اعتماد کی مظہر ہیں۔صدر جناح سپر مارکیٹ اسد عزیزنے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دینے والے افسران کو بروقت ترقی دینا ان کی حوصلہ افزائی کا بہترین ذریعہ ہے ۔