حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)سابق وفاقی وزیر صحت اور ن لیگ کی مرکزی راہنما سائرہ افضل تارڑ نے گذشتہ روزصوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق سے ملاقات کی ۔اس موقع پر انہوں نے حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں کو پنجاب سٹیز پروگرام میں شامل کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ دونوں شہروں میں سیوریج، سڑکوں کی تعمیر، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبے جلد شروع کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر شہری سہولیات میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق تمام چھوٹے اور بڑے شہروں کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ سائرہ افضل تارڑ نے اس اہم پیشرفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر بلدیات کا شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے حلقے کے عوام کی دیرینہ محرومیاں ختم ہوں گی۔