مزدور کے حقوق کا تحفظ ذمہ داری، مریم نواز: 1224 فلیٹس مفت دینے کا اعلان

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے اہم فیصلوں کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت لیبر ڈیپارٹمنٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ٹیکسلا اور سندر لیبر کالونیوں میں مزدوروں کے لئے 1224 فلیٹس بلا قیمت دینے کا اعلان کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ورکرز کے لئے 6ارب روپے کے ڈیتھ اور میرج گرانٹ کے واجبات ادا کرنے کا حکم دیا۔ گزشتہ دور حکومت میں 29 ہزار سے زائد ورکرز کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ ادا نہیں کی گئی تھی۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں شیخوپورہ کے گارمنٹ سٹی میں خواتین ورکرز کے لئے دو ہوسٹلز بنانے کی منظوری دی گئی۔ شیخوپورہ میں 704 خواتین ورکرز کو مفت رہائش فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ورکرز سکالرشپ پروگرام، لیبر کالونیوں کے قیام، مزدوروں کیلئے ہیلتھ فیسیلیٹی پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ لیبر میں اصلاحات، آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ اور کم از کم اجرت کے قوانین پر عملدرآمد کا حکم دیا گیا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب حکومت نے رواں بجٹ میں کم از کم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کی ہے۔ سٹیک ہولڈرز کو فوری طور پر اعتماد میں لے کر کم از کم اجرت نافذ کی جائے۔ پنجاب کے ہر مزدور کے حقوق کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ ورک پلیس پر سیفٹی پروٹوکول اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سینیٹری سٹاف کے لئے نالوں اور مین ہول کی صفائی کے دوران سیفٹی گیئر کا استعمال یقینی بنائیں۔ دریں اثناء ’’لاہور بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز پر انعامات کی بارش‘‘۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز کو مدعو کیا اور وزیر اعلیٰ آفس میں پوزیشن ہولڈرز طلبا اور طالبات نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف تقریب میں اپنی نشست چھوڑ کر طلبہ کے درمیان بیٹھ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اعلی تعلیم کے لئے پوزیشن ہولڈرز کی فیس کی ادائیگی کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے طلبہ کی تعلیم کے تمام اخراجات ادا کرنے کی ہدایت کی۔ ایک طالبہ گھر کے حالات بتاتے ہوئے آبدیدہ ہو گئی اور کہا کہ اعلی تعلیم کے لئے والدین پر بوجھ نہیں بننا چاہتی ہوں۔ پہلے لوگوں نے وعدے پورے نہیں کئے، اب پتہ چل رہا ہے اب مریم نواز ہماری وزیر اعلیٰ ہیں۔ ایک طالبعلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی دعوت سے فخر محسوس ہو رہا ہے، اعتماد بڑھا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو ٹرافیاں دیں اور طلبہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور انعاما ت دیئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پہلی پوزیشن ہولڈرز کو تین، تین لاکھ، سیکنڈ کو دو دو لاکھ اور تھرڈ پوزیشن ہولڈرز کو ایک ایک لاکھ روپے کے چیک دیئے۔ علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف سے رکن صوبائی اسمبلی عدنان افضل چٹھہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے پراجیکٹ اور عوامی مسائل اور ضروریات پر گفتگو ہوئی۔ عدنان افضل چٹھہ نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو 100 دنوں میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹی وی اینکر عائشہ جہانزیب پر شوہر کی جانب سے تشدد کے واقعہ کا نوٹس  لیتے ہوئے آئی جی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے افسر اور جوانوں کے لئے حرف تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن