لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 48واں اجلاس چیئرمین محمد منتہی اشرف کی زیر صدارت ہوا جس میں تمام بورڈ اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف انتظامی، پالیسی اور حکمت عملی کے پہلوؤں پر غور کیا گیا جن کا مقصد ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے نظام کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ مختلف بورڈ کمیٹیوں کی رپورٹس پیش کی گئیں اور ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی گزشتہ 3 ماہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ موجودہ مالی سال کے کاروباری منصوبے کا وسط سالی تجزیہ بھی پیش کیا گیا جس میں مقررہ اہداف کے حصول اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ایک اہم پیشرفت یہ رہی کہ بورڈ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کی متوقع ریٹائرمنٹ کے پیش نظر نئی تقرری کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ قیادت کی منتقلی بروقت، شفاف اور ادارے کی حکمت عملی سے ہم آہنگ انداز میں مکمل ہو سکے۔ شفافیت کے فروغ اور سرمایہ کاروں کیلئے مؤثر پالیسی سازی کو سراہتے ہوئے کہا حکومت پنجاب ادارے کو ایک فعال، جدید اور سرمایہ کار دوست ادارہ بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔