لاہور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کی تیاریاں جاری ہیں۔ ٹکٹوں کی فروخت 3 اپریل سے شروع ہو گی۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹکٹیںجمعرات کو سہ پہر 3 بجے آن لائن دستیاب ہوں گے جبکہ فزیکل ٹکٹوں کی فروخت 7 اپریل سے نجی کوریئر سینٹرز پر شروع ہو گی۔ آن لائن بک کی گئی ٹکٹیں نجی کوریئر کے مقرر کردہ پک اپ مراکز سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔پی ایس ایل چار شہروں لاہور،راولپنڈی، کراچی اور ملتان میں کھیلی جائیگی جس کا فائنل 18 مئی کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہو گا۔ پی ایس ایل کے چاروں وینیوز کے عام ٹکٹ 650 روپے میں دستیاب ہونگے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں افتتاحی میچ کے ٹکٹ 1000 روپے سے 8500 روپے تک دستیاب ہونگے۔شائقین کی مصروفیت اور دلچسپی میں اضافہ کرنے کے پی سی بی کے ویژن کے ایک حصے کے طور پر ہر میچ کے دوران ایک ٹکٹ ریفل کا انعقاد بھی کیا جائیگا جس میں شائقین انعامات حاصل کر سکیں گے۔