لاہور (کامرس رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی 20 سرمایہ کار کمپنیوں کے وفد نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈمیں ملاقات کی۔ الیکٹرک وہیکلز ،ادویہ سازی ، الیکٹرک آلات، آرٹیفیشل انٹیلی جنس و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف صنعتی یونٹس لگانے کیلئے قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ اور فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ میں 500 ایکڑ اراضی کا مطالبہ کیا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا پنجاب میں چینی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ حاصل ہے،صنعتی یونٹس کیلئے انہیںحسب ضرورت اراضی دیں گے۔علاوہ ازیں وزیراوقاف پنجاب چودھری شافع حسین نے محکمہ اوقاف کی زمینوں کوواگزار کرانے کااعلان کرتے کہاکہ اوقاف کی ز مینوں پرناجائز قبضے ختم کرکے وہاں پر تعلیمی ادار ے اورہسپتال تعمیر کئے جائیں گے۔علماء کرام نفرت کا بیانیہ ختم کرنے‘ معاشرے میں اتحاد واتفاق کو فروغ دینے میں کردار ادا کریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے متحدہ علماء بورڈ پنجاب کے دفترکے دورہ کے موقع پرکیا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈ اکٹرراغب حسین نعیمی نے صوبائی وزیر کوبورڈکی 3سالہ کارکرد گی سے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔انہوں نے کہا معاشرے میں اتحاد المسلمین اورنفرت انگیز سرگرمیوں کی ر وک تھام کیلئے علماء بھرپورکردار ادا کررہے۔معاشرتی ترقی کیلئے امن وامان کاقیام ازحدضروری ہے۔