لاہور (لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا زیور تعلیم پروگرام کے تحت طالبات کو 2.1 بلین کے وظائف دئیے گئے۔ مریم نواز کی قیادت پر پوری کابینہ کو فخر ہے۔ مریم نواز کی قیادت میں ریکارڈ ترقیاتی کام اور اصلاحات کیں۔ پنجاب حکومت کا ایک سال بے مثال کامیابیوں کا سال ہے۔ مریم نواز نے حلف اٹھاتے ہی پنجاب میں تعلیم کی بہتری پر توجہ مرکوز کی۔ ان کے پہلے 365 دن کا موازنہ گذشتہ حکومتوں سے فخریہ کیا جا سکتا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا پنجاب حکومت کے ابتدائی 365 دنوں میں ریکارڈ تعلیمی اصلاحات کی گئیں۔ تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن، جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے علاوہ اساتذہ کی شارٹیج میں بھی کمی لائی گئی۔ گزشتہ حکومت کے بنائے گئے کرپشن کے کئی گڑھ توڑے۔ تحریک انصاف دور میں 13 ارب میں چھپنے والی درسی کتب 6 ارب سے کم میں شائع کر کے دکھائی اور سکولوں میں کتب کی ترسیل بروقت یقینی بنائی۔ عرصہ دراز سے قائم بوٹی مافیا کا نیٹ ورک توڑا اور 3 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو گوگل سرٹیفائیڈ کورسز کروائے۔ ابتدائی 365 دنوں میں آؤٹ آف سکول بچوں کیلئے ٹارگٹڈ مہم چلائی گئی اور ہزاروں بچوں کی انرولمنٹ کی گئی۔