موٹروے پر اوور سپیڈنگ اور ایکسل لوڈ پر زیرو ٹالرنس یقینی بنائیں:عبدالعلیم خان 

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی ہے کہ ملک بھر کی موٹرویز پر اوور سپیڈنگ اور ایکسل لوڈ پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، خلاف ورزی کرنے والوں کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے،کمرشل گاڑیوں کے لئے 3ماہ میں فٹنس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیورز کی خصوصی تربیت کا بندوبست کیا جائے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ہیڈ کو آرٹرز کے دورے کے موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے ہدایت کی کہ موٹرویز پر حادثات میں کمی لانے کے لئے 20سال سے زائد پرانی گاڑیوں کو آنے کی اجازت نہیں ملے گی، گاڑیوں کے ٹائرز کے لئے علیحدہ سے سرٹیفکیٹ جاری ہوں گے۔انہوں نے آئی جی موٹرویز پولیس کو اس ضمن میں مربوط پالیسی تشکیل دینے اور اُس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ موٹروے پر ایک ہی جگہ پر حادثات قابل تشویش ہیں، اوور سپیڈنگ پر ایف آئی آر کے اندراج کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں، انسانی جانوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور موٹروے پولیس کو اپنے پہلے سے موجود معیار میں مزید بہتری لانا ہوگی۔اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات کو بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی موٹرویز نے بتایا کہ حفاظتی باڑ چوری ہونے کی اب تک53ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں جبکہ 36ملازمین کو گرفتار کر کے اُن سے دو ہزار میٹر باڑ برآمد کر لی گئی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ہیڈ کو آرٹر پہنچے تو انہیں چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،وفاقی سیکرٹری مواصلات، آئی جی موٹرویز اور سینئر افسران نے اُن کا استقبال کیا  ۔

ای پیپر دی نیشن