رمضان برکتوں والا مہینہ ‘ اپنے گناہوں کی معافی مانگیں:سید عمران احمد  

قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) سجادہ نشین آستانہ عالیہ خواجہ دائم الحضوری قصوری‘ وفاقی وزیر پیرزادہ سید عمران احمد شاہ ولی نے کہاہے کہ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جن کے بچوں نے تراویح میں قرآن پاک سنایا۔ قرآن پاک کو گھروں میں رکھنے کی بجائے روزانہ اُس کی تلاوت فائدہ پہنچاتی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے چیئرمین وزیراعلیٰ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی / ایم پی اے حاجی محمد نعیم صفدر انصاری ایڈووکیٹ کے ڈیرہ پر منعقدہ محفل تکمیل قرآن میں کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگی رہنما حاجی صفدر علی انصاری کے علاوہ سابق کونسلرز، وکلاء، صحافی، مذہبی شخصیات اور سول سوسائٹی کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ پیرزادہ سید عمران احمد شاہ نے کہاکہ اپنے اندر برداشت، صبروتحمل پیدا کریں۔ ایک دوسرے کا احترام ہم سب کی عزت میں اضافے کا باعث ہے۔ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں۔ بعدازاں چیئرمین وزیراعلیٰ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی /ممبر صوبائی اسمبلی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری ایڈووکیٹ نے محفل میلاد بسلسلہ ختم قرآن کی محفل میں آنیوالے علماء اکرام، معززین علاقہ، دوست احباب اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کا شکریہ اداکیا۔

ای پیپر دی نیشن