حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)ڈبلیو ایچ او کی پولیو ٹیم پنجاب کے ہیڈ ڈاکٹر عابدی ناصر نے حافظ آباد کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنرعبدالرزاق سے ملاقات ، ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت مختلف دیہی ہسپتالوں ، دیہات اور ٹرانزٹ پوائنٹس کا دورہ کر تے ہوئے وہاں بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے پلانے کے انتظامات کا جائزہ لیا اور انسداد پولیو مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے انتظامات کو سراہا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ظہیر احمد، ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ ،ڈاکٹر رائے شہروزبھی اس موقع پر انکے ہمراہ تھے ۔ڈبلیو ایچ او پولیو ٹیم پنجاب کے ہیڈ ڈاکٹر عابدی ناصر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ، کڑیالہ اور چک چٹھہ کے دیہی ہسپتالوں ، بس اسٹینڈ اور دیگر ٹرانزٹ پوائنٹس کا دورہ کر تے ہوئے وہاں پر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے اور پولیو ٹیموں کی کاکردگی کا جائزہ لیا۔