اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا چیمپئنز ٹرافی سے متعلق جھوٹا بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ ایک بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ سب بھارتی کرکٹ بورڈ کی ایماء پر کیا جا رہا ہے جسے پاکستان میں آئی سی سی ایونٹ کا کامیابی سے انعقاد ہضم نہیں ہو رہا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارتی بورڈ کے زیر سایہ بھارتی میڈیا کا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان میں سپورٹس کو سبوتاژ کرنا بھارت کی مذموم کوشش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے میدانوں میں کرکٹ کا ہونا دنیا بھر کے لوگوں کی جیت ہے، جس کا ایک بڑا ثبوت یہاں پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچ میں عوام کا بھرپور جوش و خروش ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بھارتی میڈیا میں چلنے والے تھریٹ الرٹ جعلی اور بے بنیاد ہیں، پاکستان انہیں مسترد کرتا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ پچھلے سال صدر آذربائیجان پاکستان آئے تو سرمایہ کاری پر بات شروع ہوئی۔ پاکستان کے آذربائیجان کے ساتھ ملٹری اور ڈیفنس کے شعبے میں بھی تعلقات ہیں۔ آذربائیجان نے کہا تھا پاکستان میں 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ کچھ منصوبے روڈ انفراسٹرکچر‘ توانائی‘ آئل اور گیس اور پٹرولیم کے ہیں۔ کچھ ہائی ویز کی بھی بات ہوئی ہے۔ آذربائیجان کو جلد جے ایف 17 تھنڈر کی پہلی کھیپ دی جائے گی۔