راولپنڈی(جنرل رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی)ضلع راولپنڈی کے امیر ڈاکٹر ضیاالرحمن نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ جے یو آئی راولپنڈی 26 اپریل بروز ہفتہ کو ہونے والی ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ یہ ہڑتال مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اسرائیل کے جاری ظلم و بربریت کے خلاف ایک پرامن مگر مضبوط احتجاج ہے،ڈاکٹر ضیاالرحمن نے تمام تاجروں، دکانداروں، تنظیموں اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دن اپنے کاروبار بند رکھیں اور اپنی یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں،خصوصا راولپنڈی شہر میں ہر قسم کی تجارتی سرگرمی بند رکھی جائے تاکہ فلسطینی عوام کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان کے عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں،جے یوآئی ضلع راولپنڈی کے ترجمان حافظ ضیااللہ خان نے کہا فلسطین کے بچوں کے آنسو، شہدا کا خون، اور بیگناہوں کی چیخیں ہمیں جھنجوڑتی ہیں۔ اب وقت ہے کہ ہم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں اور ظالم کو یہ پیغام دیں کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں،جے یوآئی ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری ارشد عباسی نے تمام دینی و سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ہڑتال کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔