تہران (این این آئی ) ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کا ملک مخصوص فریم ورک کے اندر ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کیھ مطابق وزارت داخلہ میں گورنرز سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں ہم قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے مخصوص فریم ورک کے اندر کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہیں لیکن اگر وہ ہم سے برابری کی پوزیشن سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو ہم اپنے راستے پر چلتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیسا کہ ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے ہم نہ تو پرامید ہیں اور نہ ہی مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے زور دے کر یہ بھی کہا کہ ہم یہاں لڑنے کے لیے نہیں ہیں لیکن ہم دبا یا دھمکیوں کو بھی قبول نہیں کریں گے۔