بھارت کیخلاف کامیابی ٹیم ورک سے ملی‘ ہدایات نواز شریف نے دیں: ایاز صادق

لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف کامیابی ٹیم ورک سے ملی ہے اور ٹیم کو ہدایات نواز شریف نے دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو عبرتناک شکست دینے میں ٹیم ورک کی کوششیں تھیں۔  جنگ میں نواز شریف کی ہدایات اور وزیراعظم شہباز شریف کی مشاورت شامل تھی۔ ہمارے جوانوں نے جانوں کے نذرانے دیکر پاکستان کو اس جنگ میں بھی محفوظ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان اپنی افواج کے ساتھ کھڑا  ہو گیا۔ قومی اسمبلی میں بھی سب جماعتوں نے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے دنیا کو بتا دیا کہ ملکی دفاع بہت مضبوط ہے۔ مسلح  افواج کے سربراہان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ جنگ میں صرف اسلحہ کام نہیں آتا‘ دل گردہ بھی چاہئے۔ قبل ازیں انہوں نے لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت 18ارب روپے کی لاگت سے سیوریج، واٹر سپلائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ، ایم ڈی واسا غفران احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن